حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے حوزات علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا کے سربراہ پاتریارک دانیال کے نام خط میں اسلام اور مسیحیت کے مشترکہ دینی اور اخلاقی اصولوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خاندان کو درپیش مسائل اور نوجوانوں میں مذہب سے دوری کے مقابلے کے لیے باہمی تعاون پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علیرضا اعرافی نے اپنے خط میں شیعہ اسلام اور آرتھوڈوکس مسیحیت کے عقائد، اخلاقیات اور روحانی تعلیمات میں پائی جانے والی مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ اور خدا پر مبنی تعاون آج انسانیت کو درپیش اخلاقی اور روحانی بحرانوں سے نکلنے کا راستہ فراہم کر سکتا ہے۔
یہ خط حوزات علمیہ ایران کے دفتر ادیان و مذاہب کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد صادق امین دین نے رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے دورے کے دوران رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا کے بین المذاہب مکالمے کے رابطہ کار ڈاکٹر والنٹین ایلیا کے حوالے کیا۔ اس اقدام کو حوزات علمیہ ایران اور رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا کے درمیان وسیع تر تعاون کی ابتدا قرار دیا گیا ہے۔
خط میں قرآن کریم اور انجیل کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے دو اہم مشترکہ مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے: خاندان کو درپیش خطرات اور نوجوانوں میں مذہب سے دوری۔ آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ خاندان کے تحفظ اور نئی نسل کی دینی تربیت کے حوالے سے اسلام اور مسیحیت کی تعلیمات ایک مشترکہ ورثہ ہیں، جو علمی اور تحقیقی تعاون کی مضبوط بنیاد بن سکتی ہیں۔
انہوں نے حضرت مریم سلام اللہ علیہا اور مسیحی مقدس شخصیات کے احترام کو بھی دونوں مذاہب کے درمیان مشترک پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے سامنے ان عظیم شخصیات کی زندگیوں کو نمونے کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے۔
آیت اللہ اعرافی نے حوزات علمیہ ایران کی جانب سے رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی، دینی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں تعاون کے لیے آمادگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اساتذہ اور محققین کے تبادلے، اخلاقیات کے موضوع پر علمی سرگرمیوں، خاندان اور روحانیت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد اور دینی تجربات کے تبادلے کو باہمی تعاون کے اہم شعبوں میں شمار کیا۔
انہوں نے رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا کے ساتھ وسیع تعاون کو آج کی دنیا میں اخلاق اور روحانیت کے فروغ کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیتے ہوئے پاٹریارک دانیال اور تمام مسیحی برادری کے لیے سلامتی اور کامیابی کی دعا کی۔
قابل ذکر ہے کہ حوزات علمیہ ایران نے حالیہ مہینوں میں ایران اور رومانیہ کی مذہبی و علمی شخصیات کی شرکت سے متعدد بین المذاہب علمی نشستیں اور آن لائن اجلاس بھی منعقد کیے ہیں، جن میں مختلف معروف یونیورسٹیوں اور رومانیہ کے آرتھوڈوکس کلیسا نے بھی حصہ لیا۔









آپ کا تبصرہ